دنیا کی سب سے بڑی موٹر سائیکل ریلی، اسٹرجس میں لاکھوں بائیکرز کی آمد

دنیا کی سب سے بڑی موٹر سائیکل ریلی، اسٹرجس میں لاکھوں بائیکرز کی آمد
(ویب ڈیسک):امریکی ریاست ساؤتھ ڈکوٹا کا چھوٹا سا شہر اسٹرجس ایک بار پھر دنیا کی سب سے بڑی موٹر سائیکل ریلی کی میزبانی کر رہا ہے، جہاں سالانہ میلے کے لیے ملک بھر سے موٹر سائیکل سوار بڑی تعداد میں پہنچ رہے ہیں۔
اسٹرجس موٹر سائیکل ریلی کا یہ 86واں ایڈیشن ہے، جو اگست میں 10 روز تک جاری رہتا ہے۔ ریلی کے دوران موٹر سائیکل ریسز، اجتماعی رائیڈز، میوزک کنسرٹس، اسٹنٹ شوز، موٹر سائیکل نمائشیں اور مختلف تفریحی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
عام دنوں میں تقریباً 7 ہزار افراد پر مشتمل اس شہر کی آبادی ریلی کے دوران کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔ منتظمین کے مطابق اس سال بھی تقریباً 5 لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے۔
ریلی کا مرکز اسٹرجس کے علاوہ اردگرد کا وسیع بلیک ہلز علاقہ بھی بنتا ہے، جہاں موٹر سائیکل سوار مختلف گروپ رائیڈز میں حصہ لیتے ہیں اور قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
اس سال ریلی میں موسیقی کے کئی معروف فنکار بھی پرفارم کر رہے ہیں۔ امریکی کنٹری گلوکارہ لینی ولسن 12 اگست کو مرکزی پرفارمنس دیں گی۔
اس کے علاوہ YUNGBLUD، Megadeth، Lynyrd Skynyrd، Rob Zombie اور Insane Clown Posse سمیت دیگر فنکار بھی کنسرٹس میں شریک ہوں گے۔
رواں سال خواتین موٹر سائیکل سواروں کے دو طویل فاصلے کے سفر بھی اسٹرجس میں اختتام پذیر ہوں گے۔ Women Riders World Relay اور Shantell’s Sisterhood Ride کے شرکا اسٹرجس موٹر سائیکل میوزیم اینڈ ہال آف فیم پہنچیں گے۔
یہ سرگرمیاں خواتین کی موٹر سائیکلنگ میں شرکت اور ان کے کردار کو اجاگر کرنے کے لیے منعقد کی جا رہی ہیں۔
مشہور موٹر سائیکل کمپنی Harley-Davidson بھی اس سال ریلی میں اپنی نئی Deadwood موٹر سائیکل متعارف کرا رہی ہے۔ کمپنی کے مطابق اس ماڈل کی تیاری میں اسٹرجس ریلی کی جنگِ عظیم دوم کے بعد کی تاریخ اور موٹر سائیکلنگ کلچر سے متاثر ہو کر ڈیزائن تیار کیا گیا ہے۔
اس 10 روزہ میلے کے دوران اسٹرجس اور بلیک ہلز کا پورا خطہ موٹر سائیکلوں، موسیقی اور سیاحوں کی سرگرمیوں سے بھر جاتا ہے، جس کے باعث چند ہزار آبادی والا یہ شہر عارضی طور پر ایک بڑے عالمی موٹر سائیکل مرکز میں تبدیل ہو جاتا ہے۔
